رسائی کے لنکس

پاکستان کی کابل اور قندھار میں بم دھماکوں کی شدید مذمت


جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل اور قندھار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانی فوج دہشت گردی کے خلاف افغان عوام اور فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل اور صوبہ قندھار میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ان حملوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے جن میں متحدہ عرب امارات کے پانچ سفارت کار بھی شامل ہیں۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل اور قندھار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پاکستانی فوج دہشت گردی کے خلاف افغان عوام اور فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

اس سے قبل منگل کی شب پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں بھی ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پاکستانی حکومت کے موقف کو دہرایا گیا کہ ’’پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔‘‘

پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے میں افغانستان سے تعاون کے عزم کو بھی دہرایا گیا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منگل کو پارلیمنٹ کے باہر دو خودکش بم دھماکوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ جنوبی صوبہ قندھار میں ایک بم دھماکے میں 11 افراد مارے گئے جن میں متحدہ عرب امارات کے پانچ سفارت کار بھی شامل ہیں۔

طالبان نے کابل میں ہونے والے خودکش بم حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن طالبان نے قندھار میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG