رسائی کے لنکس

پاکستان کی زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کا شیڈول جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول اور وینیوز کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی نے بدھ کو جاری اعلامیے میں بتایا ہے کہ مہمان زمبابوے کی ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 30 اکتوبر کو ون ڈے میچ سے سیریز کا باقاعدہ آغاز ہو گا جب کہ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل یکم نومبر اور تیسرا تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم لگ بھگ 12 برس بعد کسی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔

پی سی بی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ سات، دوسرا آٹھ اور تیسرا 10 نومبر کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

کرونا وائرس کے باعث تمام میچز بند دروازے میں تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ زمبابوے کا 32 رکنی اسکواڈ پاکستان آئے گا اور ہرارے میں تمام کھلاڑیوں کو پاکستان روانگی سے دو روز قبل کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا جب کہ مہمان ٹیم کی پاکستان آمد کے بعد بھی کرونا ٹیسٹ ہو گا جس کے نتائج کے بعد ہی کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔

یاد رہے کہ لاہور میں 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد بند ہو گئی تھی اور زمبابوے پہلی انٹرنیشنل ٹیم تھی جس نے 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

زمبابوے کے اس دورے کے بعد پاکستان میں آہستہ آہستہ عالمی کرکٹ بحال ہونا شروع ہوئی اور اب تک سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG