پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں جمعہ کو عسکریت پسندوں کے حملے میں سات سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
فوج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ حملہ شہیدوڈنڈ نامی علاقے میں کیا گیا اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 18 شدت پسند بھی مارے گئے۔
رواں ہفتے کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز پر یہ دوسرا مہلک حملہ ہے۔ اس سے قبل منگل کو جوگی نامی علاقے میں فوجی چوکیوں پر حملے میں آٹھ اہلکار ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
افغان سرحد سے ملحقہ کرم ایجنسی میں گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران سرکاری عہدے داروں کے مطابق لگ بھگ 150 شدت پسند مارے جا چکے ہیں جب کہ حکام نے اب تک 27 سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وسطی کرم کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں ہونے والی اس لڑائی میں جانی نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔