پاکستان اور بھارت نے سیاچن گلیشیئر کے تنازع کو خوش اُسلوبی سے حل کرنے کے لیے ’’نتیجہ خیز‘‘ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاک بھارت سیکرٹری دفاع سطح پر دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر منگل کو جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بات چیت ’’خوشگوار اور دوستانہ ماحول‘‘ میں ہوئی۔
’’طرفین نے سیاچن (کے تنازع) کا احسن حل تلاش کرنے کے لیے سنجیدہ، مسلسل اور نتیجہ خیز کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔‘‘
راولپنڈی میں وزارتِ دفاع میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی سیکرٹری دفاع نرگس سیٹھی اور اُن کے بھارتی ہم منصب ششی کانت شرما نے اپنے اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کی، جن میں عسکری اور سفارتی حکام بھی شامل تھے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی حکام نے بھارتی وفد پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو سیاچن گلیشیئر سے افواج کے انخلاء کی جانب پیش رفت کرنے کی ضرورت ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے قائدین کی تمام دوطرفہ تصفیہ طلب معاملات کو جلد از جلد حل کرنے کی خواہش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دونوں وفود نے سیاچن گلیشیئر پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
’’سیاچن پر مذاکرات کا آئندہ دور نئی دہلی میں ہو گا جس کی تاریخوں کا تعین سفارتی حکام کریں گے۔‘‘