رسائی کے لنکس

عدالت نے مبشر لقمان کو ٹی وی پروگرام سے روک دیا


اسلام آباد ہائی کورٹ (فائل فوٹو)
اسلام آباد ہائی کورٹ (فائل فوٹو)

عدالت نے اپنے حکم میں پیمرا کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہا کہ مبشر لقمان اے آر وائی سمیت کسی بھی ٹی وی چینل پر کوئی پروگرام نہ کریں۔

پاکستان کی ایک عدالت نے نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائے نیوز‘ کے میزبان مبشر لقمان کو ٹی وی پر پروگرام کرنے سے روک دیا ہے۔

مبشر لقمان "کھرا سچ" کے عنوان سے پروگرام پیش کرتے ہیں۔

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہدا فاؤنڈیشن کی ایک درخواست پر ٹی وی اینکر کے لیے تا حکم ثانی پروگرام کرنے سے روک دیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مبشر لقمان مبینہ طور پر عدلیہ مخالف پروگرام کرتے رہے ہیں اور اس میں ججز کی ذات کو بھی تضحیک کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی یعنی پیمرا اور نہ ہی حکومت نے اس پروگرام کا کوئی نوٹس لیا۔

سماعت کرنے والے جج جسٹس شوکت صدیقی کا کہنا تھا کہ مبشر لقمان کے خلاف متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں جب کہ پیمرا اور وزارت اطلاعات نے بھی اس بارے میں کوئی اقدام نہیں کیا۔

عدالت نے وزارت اطلاعات کے سیکرٹری اور پیمرا کے چیئرمین کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا

مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنے وکیل سے مشاورت کر رہے ہیں جس کے بعد وہ کسی طرح کے ردعمل کا اظہار کریں گے۔


اے آر وائی نیوز کے اسلام آباد میں بیورو چیف صابر شاکر نے وائس آف امریکہ کو عدالتی فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مبشر لقمان کسی بھی ٹی وی چینل پر کوئی پروگرام پیش نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سماعت کے دوران نہ تو عدالت نے مبشر لقمان کو طلب کیا اور نہ ہی ان کا موقف سنا گیا۔

صابر شاکر کے بقول ان کے ادارے کو پیمرا کی طرف سے فیکس کے ذریعے ایک نوٹس موصول ہوگیا ہے جس میں عدالتی فیصلے کی روشنی میں تمام چینلز کو مبشر لقمان سے کسی بھی طرح کا پروگرام کروانے سے منع کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG