رسائی کے لنکس

پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کالعدم قرار


پرویز مشرف (فائل فوٹو)
پرویز مشرف (فائل فوٹو)

عدالت عالیہ کے جج نورالحق قریشی نے کہا کہ اگر پرویز مشرف 27 اپریل کو ذیلی عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ بحال ہو جائے گا۔

پاکستان کی ایک عدالت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو مشروط طور پر کالعدم قرار دے دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے اسلام آباد کی ایک ذیلی عدالت نے لال مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید غازی کے مقدمہ قتل میں پرویز مشرف کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذیلی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف پرویز مشرف کی دائر درخواست کی سماعت کے دوران اُن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم ہر صورت مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوں۔

عدالت عالیہ کے جج نورالحق قریشی نے کہا کہ اگر پرویز مشرف 27 اپریل کو ذیلی عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ بحال ہو جائے گا۔

عدالت عالیہ نے سابق صدر کے وکلا کو تحریری طور پر اپنے موکل کی حاضری کی یقین دہائی کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

جولائی 2007ء میں اسلام اباد کی لال مسجد میں چھپے مبینہ شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی طرف سے کیے گئے آپریشن کے دوران عبدالرشید غازی سمیت 100 کے لگ بھگ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عبدالرشید غازی کے لواحقین کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جس میں لواحقین نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ لال مسجد آپریشن کا حکم جنرل پرویز مشرف نے دیا تھا لہذا وہ ہی ان افراد کے قاتل ہیں۔

پرویز مشرف کا موقف ہے کہ اس وقت کی حکومت نے ریاست کی عمل داری بحال کرنے کے لیے اس آپریشن کا حکم دیا تھا۔

اس مقدمے کی سماعت اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ہو رہی ہے۔

دریں اثناء بلوچ قوم پرست رہنما اکبر بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت کرنے والی کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی طبی رپورٹ پیش کر دی گئی۔

عدالت نے ملزم کی طبی بنیادوں پر سماعت میں غیر حاضری پر ان کا طبی معائنہ ایک میڈیکل بورڈ سے کروانے کا حکم دیا تھا جس کی پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرویز مشرف کو کمر کی تکلیف کے علاوہ کئی دیگر مرض بھی لاحق ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کے اعصاب کمزور ہیں جب کہ ان کے دل کی تین شریانیں بھی بند ہیں۔

اکبر بگٹی 2006ء میں ہونے والے ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہو گئے تھے اور پرویز مشرف اس وقت ملک کے صدر اور بری فوج کے صدر تھے۔

XS
SM
MD
LG