پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ماہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ایک روزہ میچوں کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں وکٹ کیپر کامران اکمل ا ور آل راؤنڈر عبدالرزاق کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
کامران اکمل کو عالمی کرکٹ کپ کے کئی اہم میچوں میں خراب کارکردگی بالخصوص کیچ چھوڑنے پر شدید تنقید کاسامنا ہے ۔ جب کہ عبدالرزاق بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے ، عالمی کپ کے میچوں میں اُنھوں نے صرف پانچ وکٹیں حاصل کیں اور 104 رنز بنائے۔
پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محسن خان نے کہا ہے کہ سابق کپتان یونس خان اور فاسٹ باؤلر عمر گل بھی اس دورے میں پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور اُنھیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اکیس اپریل سے شروع ہونے والے دورے میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
بدھ کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق 12 مئی سے شروع ہونے والے دوٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔
سلیکشن کمیٹی نے کامران اکمل کی جگہ محمد سلمان کو ٹیم میں بطور وکٹ کیپر شامل کیا ہے۔ جب کہ چار دیگر کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جن میں عثمان صلاح الدین ، جنید خان، حماد اعظم اور اعزاز چیمہ شامل ہیں۔
ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں، شاہد آفریدی (کپتان) ، مصباح الحق، عمر اکمل، عثما ن صلاح الدین ، محمد حفیظ، احمد شہزاد، توفیق عمر، اسد شفیق ،حماد اعظم،سعید اجمل، محمد سلمان، عبد الرحمن، وہاب ریاض، تنویر احمد، جنید خان اور اعزاز چیمہ۔