رسائی کے لنکس

سری لنکا نے پاکستان کو 209 رنز سے ہرا دیا


یونس خان 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یونس خان 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 209 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

گال میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پیر کو پاکستان کی پوری ٹیم 510 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 300 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کے اسکور 36 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا لیکن جلد ہی اسے سعید اجمل کی وکٹ کی صورت میں ایک اور نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔

بعد ازاں اسد شفیق اور یونس خان نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن بہتر کرنے میں کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 80 اور 87 رنز اسکور کیے۔

ان دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد عدنان اکمل اور محمد ایوب نے کچھ دیر تک سری لنکن باؤلروں کی سامنے مزاحمت کی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

کلاسیکرا اور رندیو نے تین، تین، ہیراتھ نے دو اور فرنینڈو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 472 رنز اسکور کیے تھے جس میں دلشان نے 101 اور سنگاکارا کے 199 رنز بھی شامل ہیں۔

جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 137 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنےکا اعلان کرتے ہوئے جیت کے لیے مخالف ٹیم کو 510 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا کے کمارا سنگاکارا کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ 30 جون سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG