گال کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز اتوار کو کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنائے اور وہ اب بھی 474 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ہے۔
میزبان سری لنکا نے چائے کے وقفے کے بعد پانچ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 510 رنز کا ہدف ملا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اتوار کو 48 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر جب اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو کھانے کے وقفے تک پوری ٹیم 100 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 472 رنز اسکور کیے تھے اور یوں اُسے پاکستان پر 372 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔ سری لنکا نے پاکستان کو ’فالو آن‘ پر مجبور کرنے کی بجائے دوسری اننگز بھی کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے تلے کراتنے دلشن کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت چائے کے وقفے پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنا لیے۔ دلشن نے نو چوکوں کی مدد سے 58 گیندوں پر56 رنز اسکور کیے۔
پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کے سات کھلاڑی دو ہندسوں پر مشتمل انفرادی اسکور بھی نا کر سکے، جب کہ ان میں سے تین صفر پر آؤٹ ہوئے۔
سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی یونس خان تھے، جنھوں نے 112 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ اُنھیں ہیراتھ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے راندیو نے 13 رنز کے عوض چار جب کہ ہیراتھ نے 30 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
میزبان ٹیم کی پہلی اننگر میں سنگاکارا نے دو چھکوں اور 18 چوکوں کی مدد سے 199 رنز بنائے تھے اور وہ ناٹ آوٹ رہے۔