رسائی کے لنکس

کراچی میں ’’قبضہ مافیا‘‘ کو وزیر داخلہ کا انتباہ


وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک
وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک

وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سرگرم قبضہ مافیا کو ایک مرتبہ پھر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غیر قانونی طریقے سے ہتھیائی گئی اراضی مقررہ مدت کے دوران نا چھوڑی گئی تو ملزمان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

اتوار کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کراچی میں تقریباً 14 ایکڑ اراضی لینڈ مافیا کے قبضے میں ہے، جس میں بہت سی زمین در اصل سرکاری ملکیت ہے۔

’’زمین پر (غیرقانونی) قبضہ کرنے والے وہ افراد جو خود کو ’ناقابلِ تسخیر‘ سمجھتے ہیں، اُن کو میں پیغام دیتا ہوں کہ … ایک مہینے سے پہلے پہلے زمین چھوڑ کر ان لوگوں (اصل مالکان) کے حوالے کر دیں۔‘‘

رحمٰن ملک کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کی مہلت پوری ہونے کے بعد حکومت کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ اراضی کی ملکیت کی منتقلی کے جعلی کاغذات کو منسوخ کرکے قبضہ مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کارروائی تمام متعلقہ حلقوں کو اعتماد میں لینے کے بعد کی جائے گی اور اس سلسلے میں وہ اپنی تجاویز وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پیش کریں گے۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کو کراچی میں سرگرم لینڈ مافیا کو اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر اپنا قبضہ ختم کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’قومی دولت عوام کی ملکیت ہے اور جرائم پیشہ عناصر سے لوٹی گئی پائی پائی وصول کی جائے گی۔‘‘

XS
SM
MD
LG