رسائی کے لنکس

شدت پسندانہ رجحانات جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ


صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری

صدر زرداری نے قوم اور سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ ایسے غیر منتخب عناصر کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں جو عوام کے منتخب نمائندوں کے بنائے ہوئے آئین کو تسلیم نہیں کرتے۔

جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں سیاسی قائدین نے ملک میں جمہوری نظام کے فروغ پر زور دیتے ہوئے اسے لاحق خطرات کو اجاگر کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت کو سب سے بڑا خطرہ ایسے شدت پسندانہ رجحانات سے ہے جو اپنے ایجنڈے کو طاقت کے ذریعے مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

اُنھوں نے قوم اور سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ ایسے غیر منتخب عناصر کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں جو عوام کے منتخب نمائندوں کے بنائے ہوئے آئین کو تسلیم نہیں کرتے۔

صدر مملکت نے کہا کہ جمہوریت پر یقین رکھنے والی تمام قوتیں ملک میں جمہوری نظام کو درپیش بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات سے تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اُنھوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے عزم کو بھی دہرایا۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک الگ بیان میں کہا کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے تعلیم کو کلیدی حیثیت حاصل ہے کیوں کہ علم سے آراستہ معاشرہ ناصرف اپنے فرائض اور حقوق سے بخوبی آگاہ ہوتا ہے بلکہ تعلیم یافتہ لوگ سیاسی جماعتوں پر یہ زور بھی دے سکتے ہیں کہ وہ فلاحی کاموں کو اپنی پالیسی کا حصہ بنائیں۔

جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’پلڈاٹ‘ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ بہت سی خامیوں کے باجود پاکستان میں جمہوری نظام حکومت ماضی کے مقابلے کہیں زیادہ مضبوط ہوا ہے۔

’’ماضی کے مقابلے اس مرتبہ مخلوط حکومت نے ساڑھے چار سال مکمل کیے ہیں یہ بھی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔‘‘

احمد بلال محبوب نے کہا کہ دیرپا اور مستحکم جمہوریت کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں بھی جمہوری رویوں کو پروان چڑھائیں۔

’’ہمارے ملک میں جمہوریت چلتی رہی تو اس کا منطقی انجام یہ ہی ہو گا کہ ہمارے ہاں سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے اندر جمہوریت لانا ہو گی۔‘‘

صدر زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت کے موجودہ جمہوری دور میں آئین میں کئی اہم ترامیم اور نئی قانونی سازی کے علاوہ عوامی فلاح سے متعلق انتظامی فیصلے کیے گئے جن میں قبائلی علاقوں میں سیاسی اصلاحات، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے این ایف سی ایوارڈ کی منظوری بھی شامل ہے۔

لیکن احمد بلال محبوب کہتے ہیں کے جمہوریت کی ثمرات سے عوام تب ہی مستفید ہو سکتے ہیں جب ملک میں انتظامی امور کو موثر بنایا جائے گا اس حکومت کو بہتری طرز حکمرانی کو بھی یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
XS
SM
MD
LG