وفاقی کابینہ نے فنانس سپلیمینٹری بل 2023 کی منظوری دے دی ہے جس کے بعدیہ بل بدھ کے روز پارلیمنٹ میں پیش کیا جارہا ہے۔
وفاقی کابینہ کو عالمی مالیاتی فنڈ کے نویں جائزے کے تناظر میں کی جانے والی اصلاحات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں لگژری آئٹمز پر اضافی ٹیکس عائد کیے جارہے ہیں جب کہ جنرل سیلز ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے کہ غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔مزیدبرآں ان کا کہنا تھا کہ واضح ہدایت جاری کی گئیں ہیں کہ روزمرہ استعمال کی ایسی اشیاء پر، جو غریب اور متوسط طبقہ استعمال کرتا ہے، کوئی اضافی ٹیکس عائد نہ کیا جائے۔
حکومت کا سادگی اور کفایت شعاری پیکج
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کا کفایت شعاری پیکج تیاری کے آخری مراحل میں ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا
انہوں نے مزید کہا کہ جونہی سادگی اور کفایت شعاری پیکج تیار ہوا، اس پر عمل درآمد کرنا تمام کابینہ ممبران اور حکومتی اہل کاروں پر لازم ہوگا۔ اسی صورت میں ہم اس معاشی مشکل سے نکل سکتے ہیں اور اپنے ذرائع آمدنی کے اندر رہتے ہوئے معاشی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔
زلزلہ متاثرین فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے ترکیہ زلزلہ متاثرین فنڈ کا نام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین فنڈ رکھنے کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ ترکیہ کے صدر اور شام کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں، میں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پاکستان زلزلے سے متاثرہونے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے امدادی سامان جس میں خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں ترکیہ اور شام کے لیے روانہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید سامان بھی روانہ کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائیہ، ریسکیو اہل کار، این جی اوز اور مخیر حضرات امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 فروری 2023 اور13 فروری 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔