پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں گرمالہ کے مقام پر حکومت مخالف جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ سے کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب لوگ مختلف ٹولیوں کی شکل میں جلسے میں شرکت کرنے جا رہے تھے کہ ان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے اس کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
تحریک انصاف گزشتہ تین ماہ سے مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور گزشتہ ماہ سے اس نے ملک کے مختلف حصوں میں جلسوں کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔
اتوار کو بھی اس جماعت نے جہلم میں ایک بڑے جلسے کا اہتمام کر رکھا تھا۔
پی ٹی آئی نے فائرنگ کے اس واقعے کا الزام حکومت پر عائد کیا ہے لیکن وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے اسے مسترد کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ وہ جہلم میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔