رسائی کے لنکس

پاکستان میں سیلاب بڑا انسانی سانحہ ہے: ہالبروک


رچرڈ ہولبروک (دائیں) اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
رچرڈ ہولبروک (دائیں) اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی ایلچی رچرڈ ہولبروک کے مطابق امریکہ پاکستان کی مدد صرف اپنی اسٹریٹیجک ضروریات کے تحت نہیں بلکہ اس لیے کر رہا ہے کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور یہ ایک بڑا انسانی سانحہ ہے۔ مسٹر ہولبروک نیو یارک کی ایشیاء سوسائٹی میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ سیلاب کے حوالے سے ایک پروگرام میں شریک تھے۔

اس پروگرام میں یو ایس ایڈ کے سربراہ راجیو شاہ، معروف پاکستانی فنکار سلمان احمد، یونیسف، ایشیائی ترقیاتی بینک اور کئی دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اسے کور کرنے کے لیے امریکی اور بین الاقوامی میڈیا کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر ایک ویڈیو دکھائی اور ایک دفعہ پھر عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر بھی اس قدرتی آفت سے تنہا نہیں نمٹ سکتا۔

مسٹر ہولبروک نے کہا کہ امریکہ کا موقف یہ ہے کہ ”ہم سب سے پہلے سب سے زیادہ امداد لے کر پہنچنا چاہتے ہیں۔،،

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندے کرسٹوفر مکورمک نے اعلان کیا کہ ان کا بینک اگلے دو سال میں پاکستان کی تعمیر نو کے لیے کم از کم دو ارب ڈالر وقف کرے گا۔

یو ایس ایڈ کے سربراہ راجیو شاہ کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ مل کر آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی نشاندہی کرنے کا نظام بنایا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس سے وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کیری لوگر بل نے یہ ممکن بنا دیا ہے کہ امریکہ ایک لمبے عرصے تک پاکستان میں تعمیر نو کا وعدہ کر سکے اور پہلے مرحلے کے بعد یو ایس ایڈ دوسرے مرحلے میں بھی پاکستان میں مصروف رہے گی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تباہ شدہ املاک کی بہتر تعمیر نو پر توجہ دی جائے گی۔

ایشیاء سوسائٹی کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کا رخ کیا جہاں وہ سیکرٹری جنرل بان کی مون اور امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن سے ملاقات کریں گے اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے تین بجے اقوام متحدہ کے پاکستان کے لیے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG