رسائی کے لنکس

پاکستان سے امداد کے شفاف استعمال کا مطالبہ

پاکستان سے امداد کے شفاف استعمال کا مطالبہ
پاکستان سے امداد کے شفاف استعمال کا مطالبہ

عالمی تنظیم نے گذشتہ ماہ سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد کے لیے 46 کروڑ ڈالر کی اپیل جاری کی تھی جس میں نظر ثانی کر نے کے بعد جمعہ کے روز اس کا حجم تقریباً دو ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ تاہم اتوار کو ہونے والے اجلاس میں اس نئی اپیل کے جواب میں خاطر خواہ عطیات کی فراہمی کے وعدے سامنے نہیں آئے۔

اقوام عالم نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پرغیر معمولی سیلاب سے ہوئی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے دی جانے والی بیرونی امداد کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

عطیات دینے والے ممالک نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے نیویارک میں بلائے گئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔

عالمی تنظیم نے گذشتہ ماہ سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد کے لیے 46 کروڑ ڈالر کی اپیل جاری کی تھی جس میں نظر ثانی کر نے کے بعد جمعہ کے روز اس کا حجم تقریباً دو ارب ڈالر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ تاہم اتوار کو ہونے والے اجلاس میں اس نئی اپیل کے جواب میں خاطر خواہ عطیات کی فراہمی کے وعدے سامنے نہیں آئے۔

عام تاثر ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت کو امداد کے شفاف اور منصفانہ استعمال کے سلسلے میں اعتماد کے فقدان کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دوسرے ممالک سمیت پاکستانی عوام بھی عطیات فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہی ہے۔

پاکستانی حکومت ان تحفظات کو رد کرتی آئی ہے۔ سرکاری حکام کے بقول امداد کی فراہمی میں سست روی کا سبب نقصانات کے بارے میں عالمی سطح پر محدود آگاہی ہے البتہ وقت گزرنے کے ساتھ اس میں بہتری آرہی ہے۔ امداد کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے نگرانی کا نظام وضع کرنے کی سفارشات کے بعد حال ہی میں ایک13 رکنی کونسل تشکیل دی گئی ہے، جس کو نیشنل اوورسائٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کونسل کا نام دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل

بان کی مون نے کہا ہے کہ نئی عالمی اپیل حالیہ قدرتی آفت کے پہلے چھ ماہ میں ہنگامی امداد اور ایک سال کے دوران ابتدائی بحالی کے لیے درکار وسائل کا احاطہ کرتی ہے اور انھوں نے عطیہ دینے والے ممالک سے امداد کے سلسلے میں ”فوری“ اقدامات کرنے کی درخواست بھی کی۔

برطانیہ نے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد کو اتوار کے روز دو گنا کرتے ہوئے مزید 11 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ امریکہ تاحال پاکستان کو امداد اور وعدوں کی شکل میں 34کروڑ ڈالر سے زائد امداد دے چکا ہے جب کہ یورپی یونین کی طرف سے فراہم کی گئی رقم 35 کروڑ ہے۔

پاکستان کا بیس فیصد رقبہ ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کی زد میں آیا ہے اور یہاں بسنے والے دو کروڑ سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے سترہ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG