رسائی کے لنکس

سیلاب زدگان کو دو سال تک امداد کی ضرورت ہوگئی، امدادی تنظیمیں


سیلاب زدگان کو دو سال تک امداد کی ضرورت ہوگئی، امدادی تنظیمیں
سیلاب زدگان کو دو سال تک امداد کی ضرورت ہوگئی، امدادی تنظیمیں

ریڈ کراس اور ہلال احمر نے ایک بیان میں کہا ہے پاکستان میں جولائی میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ لاکھوں افراد کوآئندہ دو سال تک انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہو گی ۔

عالمی امدادی تنظیموں کے مطابق سیلاب کے تین ماہ بعد بھی دس لاکھ سے زائد افراد عارضی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں کیوں کہ ملک کے جنوبی صوبہ سندھ کے بعض علاقوں میں پانی کھڑا ہے اور اب بھی بہت سے لوگ سیلابی پانیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

بیان میں ریڈ کراس کے ایک عہدیدار نیلسن کیسٹانو کا کہنا ہے کہ جو لوگ واپس اپنے گھروں کو جاسکتے ہیں اُنھیں بھی انسانی بنیادوں پر دو سال کے لیے مدد درکار ہوگی اور یہ صورت حال صرف سندھ میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں پائی جاتی ہے۔

بیان کے مطابق پنجاب اورصوبہ خیبر پختون خواہ میں سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والے بیشتر خاندان اپنے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولتیں تباہ ہو چکی ہیں اور وہاں ذرائع آمدن کے بھی بہت ہی محدود مواقع ہیں۔

کیسٹانو نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سردی میں اضافہ ہورہا ہے اور اُن کا ادارہ اپنے طور پر سیلاب زدگان میں گرم کپڑے فراہم کررہا ہے۔

پاکستان میں سیلاب سے تقریباً دوکروڑ افراد متاثر جب کہ 1700 ہلاک ہو گئے تھے۔ بین الاقوامی امدادی تنظیم اکسفیم نے متنبہ کیا تھا کہ سیلاب زدگان کے لیے فراہم کردہ امداد ی رقوم ختم ہو رہی ہیں جس سے امدادی سرگرمیوں اور تعمیر نو کی کوششیں متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

XS
SM
MD
LG