رسائی کے لنکس

گوادر کی بندرگاہ سے تجارتی سامان کے برآمد کا باقاعدہ آغاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گوادر بندر گاہ کے ذریعے پہلی بار چینی مصنوعات کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے ممالک کو برآمد کرنے کے لئے روانہ کیا گیا۔

پاکستان کے جنوب مغربی ساحلی شہر گوادر کی بندر گاہ کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے اتوار کو گوادر میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں چین سے یہاں پہنچنے والے تجارتی سامان کو مشرق وسطیٰ اور جنوبی افریقہ کے لیے سمندر کے راستے روانہ کرنے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک حقیقت بن رہا ہے اور اس منصوبے کی بدولت پاکستان تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ گوادر بندر گاہ افغانستان، وسطی ایشا اور چین کے مغربی علاقوں کو سمندر تک رسائی کا آسان راستہ فراہم کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پورے ملک کے لئے فائدہ مند ہو گا بالخصوص پاکستان کے پسماندہ ترین علاقوں کو ترقی اور خو شحالی کے بے شمار مواقع فراہم کرنے کا باعث بنے گا۔

صوبہ خیبر پختونخوا کی طر ف سے اُٹھائے گئے اعتراضات کا براہ راست جواب دینے کے بجائے نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پورے ملک کے لئے ہے اور کسی بھی صوبے یا علاقے کو اس سے محروم نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر نواز شریف نے ضلع خضدار کے علاقے شاہ نورانی میں مزار پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے انتہا پسند اور دہشت گرد ہمارے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔

بندرگاہ سے تجارتی سامان کی برآمد کے افتتاح کی تقریب میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کے علاوہ غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔

گوادر بندر گاہ کے ذریعے پہلی بار چینی مصنوعات کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے ممالک کو برآمد کرنے کے لئے روانہ کیا گیا۔ یہ سامان درجنوں کنٹینرز اور ٹرکوں کے ذریعے چین سے تقر یباً پندرہ روز پہلے روانہ کیا گیا تھا۔

دریں اثناء شاہ نورانی درگاہ پر ہونے والے مشتبہ خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 54 ہو گئی ہے جب کہ اب بھی درجنوں زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے انھیں مشتبہ خودکش بمبار کے جسم کے اعضا ملے ہیں جن کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG