سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ہفتے کے روز 26660 حاجیوں کو 700 ریال فی کس ادا کرنے کے لیے ساڑھے بیالیس کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے حج انتظامات میں بدانتظامی اورمبینہ بدعنوانی کے بارے میں ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران رواں ہفتے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر چھبیس ہزار سے زائد حاجیوں کو سات سو ریال فی کس کے حساب سے رقم ادا کرے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا ایک بینچ اس مقدمے کی سماعت کر رہا ہے۔
حج انتظامات میں بدعنوانی کی خبروں کے بعد سپریم کورٹ نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا ۔ جمعیت علماء اسلام فضل الرحمن کے سابق وزیر اعظم سواتی نے وزارت مذہبی اُمور کے وزیر حامد سعید کاظمی پر بدعنوانی کے الزامات لگا رکھے ہیں ا ور دونوں سابق وزراء کے درمیان اس معاملے پر بیانات کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دونوں کو اپنی کابینہ سے برطرف کر دیا تھا۔