گزشتہ چند دنوں سے پاک بھارت کشیدگی ٹوئیٹر پر اہم ترین موضوع بنی ہوئی ہے اور سرحد کے دونوں جانب بلکہ دنیا بھر میں اس بارے میں لاکھوں ٹوئیٹس کیے جا چکے ہیں۔
کل بھارتی لڑاکا طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر جو طوفان اٹھا، وہ ابھی تک نہیں بیٹھا بلکہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد اس میں شدت آئی ہے۔ فرق صرف یہ پڑا کہ کل صرف جنگ کے نعرے لگ رہے تھے اور آج امن کو موقع دینے کی آوازیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔
منگل کو بھارت میں ٹاپ ٹرینڈز انڈیا اسٹرائیکس پاکستان، ایئر سرجیکل اسٹرائیکس، سلیوٹ ٹو انڈین ایئر فورس اور جوش از ہائی تھے۔
بدھ کو پاکستان اور بھارت، دونوں ملکوں میں ٹوئیٹر کا ٹاپ ٹرینڈ ’’ابھی نندن‘‘ بنا رہا۔ یہ اس بھارتی پائلٹ کا نام ہے جس کا طیارہ پاکستانی حدود میں گرا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اس کے علاوہ جو ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہے ہیں ان میں برنِگ بیک ابھی نندن، جنیوا کنونشن اور سے نو ٹو وار یعنی جنگ کا انکار کرو شامل ہیں۔ اس پر ایک پاکستانی نے ٹویٹر پر تبصرہ کیا، ایک ہی دن میں جوش جھاگ بن کر بیٹھ گیا؟
منگل کو پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ انڈیا فیلڈ اسٹرائیک، گیٹ ریڈی فور سرپرائز اور پاکستان سوپر لیگ تھے۔ بدھ کو پاکستان کی کارروائی کے بعد ٹاپ ٹرینڈز میں پاکستان اسٹرائیکس بیک، ابھی نندن اور پاکستان سوپر لیگ شامل ہیں۔ یعنی پاکستان میں جنگ سے متعلق تشویش تو ہے لیکن پاکستانیوں کی توجہ سوپر لیگ سے ہٹ نہیں رہی۔
بھارت میں پاکستان کے خلاف کافی غم و غصے اور جھنجلاہٹ کا اظہار کیا جارہا ہے لیکن پاکستان میں جنگ سے متعلق میمز بنائی جا رہی ہیں۔ ایک عرب نے اس بارے میں لکھا، یہ دنیا کی پہلی لڑائی ہے جس میں ایک فریق دھمکیاں دے رہا ہے اور دوسرا جگتیں لگا رہا ہے۔
کل بھارت میں للت موہن یادیو نے عمران خان کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا تھا، میری فوج کے ساتھ مت الجھنا، ورنہ۔۔۔ وہ ہتھیار ڈال دے گی۔
آج پاکستان میں ایک منچلے نے ٹوئیٹر پر ابھی نندن کا اکاؤنٹ بنا ڈالا اور ٹوئیٹ کیا، بھائی مست جگہ ہے۔ ٹپال کی چائے پی ہے ابھی فل مست۔ رات کو کڑاہی کا پلان کر رہا ہوں۔ اور سب سے اچھی بات، یہاں باتھ روم ہے۔ میں واپس نہیں جا رہا۔
دونوں ملکوں کی جنگی طاقت سے متعلق ایک گراف بھی گردش میں ہے جس میں فوجیوں، ٹینکوں اور لڑاکا طیاروں کی تعداد درج ہے۔ کسی نے انڈیا کے طیاروں کی تعداد 679 کو کاٹ کر 677 لکھ دیا ہے۔
کسی نے عامر خان کی مشہور فلم تارے زمین پر کا پوسٹر ایڈٹ کردیا اور اب اس پر لکھا ہے، طیارے زمین پر!
شیخ رشید نے اپنے فالوور رحمان حمید کو ری ٹوئیٹ کیا جنھوں نے لکھا کہ کل انڈیا نے لائن کراس کر کے نو بال کی تھی۔ آج پاکستان نے فری ہٹ پر چھکا دے مارا۔