رسائی کے لنکس

کراچی: ’لیاری گینگ وار‘ میں خواتین اور بچوں سمیت 14 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لیاری میں مصروف علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں مبینہ جرائم پیشہ دو گروہوں نے ایک دوسرے پر دستی بموں سے حملہ کیا اور جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں بدھ کو دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں آٹھ خواتین اور تین بچوں سمیت کم ازکم 14 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق لیاری میں مصروف علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں مبینہ جرائم پیشہ دو گروہوں نے ایک دوسرے پر دستی بموں سے حملہ کیا اور جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

اس لڑائی کی زد میں آکر خواتین اور اسکول جانے والے بچے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں دو خواتین اور ایک بچہ دم توڑ گیا۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق یہ جھڑپ لیاری میں سرگرم مبینہ جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہوئی اور ان گروہوں نے لیاری کے مختلف علاقوں میں دستی بم سے حملے بھی کیے۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کا یہ علاقہ جرائم پیشہ گروہوں کی آماجگاہ تصور کیا جاتا ہے جہاں اکثر بیشتر تشدد کے ایسے واقعات دیکھنے میں آتے رہتے ہیں۔

گزشتہ سال ستمبر میں کراچی پولیس نے سندھ رینجرز کے ساتھ مل کر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم میں ملوث افراد کا قلع قمع کرنے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن بھی شروع کر رکھا ہے جس میں اب تک ہزاروں افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کراچی میں حالیہ برسوں سے ہدف بنا کر قتل کرنے، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے علاوہ اسٹریٹ کرائمز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آچکا ہے۔
XS
SM
MD
LG