رسائی کے لنکس

کشمیر حد بندی لائن پر فائرنگ سے پاکستانی فوجی ہلاک


کشمیر میں تعینات بھارتی سکیورٹی اہلکار
کشمیر میں تعینات بھارتی سکیورٹی اہلکار

لائن آف کنٹرول پر پیش آنے والے اس واقعے پر بھارت نے الزام عائد کیا ہےکہ فائرنگ کی شروعات سرحد پار پاکستانی علاقے سے کی گئی۔

پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی حد بندی لائن پر ہفتہ کو بھارت کی سرحدی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے اس کا ایک فوجی ہلاک جب کہ ایک زخمی ہو گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے ہفتہ کو ایک مختصر بیان میں کہا کہ صبح ساڑھے دس بجے راولاکوٹ میں نیزہ پیر سیکٹر پر فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔

بیان کے مطابق فائرنگ سے ضلع راولپنڈی کے گاؤں چواریاں سے تعلق رکھنے والاسپاہی عاصم اقبال ہلاک جبکہ نائیک محمد خان شدید زخمی ہوا۔

بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ فائرنگ کی شروعات سرحد پاکستان سے ہوئی لیکن اس میں بھارتی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دونوں ملک اس سے قبل بھی ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے کے ایسے ہی واقعات میں پاکستان کے چار اور بھارت کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد دوطرف کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تاہم فوجی کمانڈروں اور سفارتی سطح پر رابطوں کے بعد اس تناؤ میں کمی آئی۔

لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تازہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب دونوں ملکوں کی اعلٰی سیاسی قیادت کے طرف سے ایسے بیانات سامنے جن میں قریبی تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے اپنے حالیہ بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے غیر رسمی یا ’بیک چینل ڈپلومیسی‘ کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG