رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: باڑہ کا کنٹرول سول انتظامیہ کے حوالے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

منگل کو بھی حکام کے بقول خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب کی گئی فضائی کارروائیوں میں آٹھ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ کو شدت پسندوں سے پاک کرنے کے بعد اس کا کنٹرول واپس سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔

فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے منگل کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سول انتظامیہ کو حوالگی کے بعد تاجر اور دیگر افراد اپنے کاروبار کے لیے باڑہ بازار میں واپس آسکتے ہیں۔

خیبر ایجنسی میں گزشتہ سال اکتوبر میں خیبر ون اور پھر خیبر ٹو کے نام سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی گئی تھیں جن میں سیکڑوں مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا بتایا گیا۔

یہ آپریشن گو کہ مکمل ہو چکے ہیں لیکن اب بھی خیبر ایجنسی کے دو افتادہ بعض علاقوں میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

منگل کو بھی حکام کے بقول خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب کی گئی فضائی کارروائیوں میں آٹھ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

قبائلی علاقے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پیش آنے والے واقعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔

ادھر بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تمام اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

منگل کو جنرل راحیل کی زیر صدارت راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG