رسائی کے لنکس

خیبر پختونخواہ اور سندھ میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب


صوبہ سندھ کی اسمبلی
صوبہ سندھ کی اسمبلی

خیبر پختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر اور امتیاز شاہد بلامقابلہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے جب کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی 87 ووٹ لے کر اسپیکر کے منتخب ہوئے۔

پاکستان کے دو صوبوں خیبر پختونخواہ اور سندھ میں جمعرات کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخابات کر لیا گیا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اسد قیصر اسپیکر اور امتیاز شاہد ڈپٹی اسپیکر کے منصب کے لیے متفقہ طور پر منتخب ہو گئے ہیں۔

جمعرات کو صوبائی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری ہونا تھی لیکن حزب مخالف کی جماعتوں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے منور خان اور مسلم لیگ ن کے ارباب اکبر خان نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

اسد قیصر اور امتیاز شاہد کا تعلق سابق کرکٹر عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے ہے جسے 11 مئی کے عام انتخابات میں قابل ذکر کامیابی حاصل ہوئی۔

تحریک انصاف کو خیبر پختونخواہ میں اکثریتی نشستیں حاصل ہوئیں جب کہ مرکز میں یہ تیسری بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔

دریں اثناء صوبہ سندھ کی اسمبلی میں جمعرات کو پپیپلز پارٹی پارلیمنٹیریئنز کے آغا سراج درانی اسپیکر منتخب ہو گئے۔

خفیہ رائے شماری میں 155 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے سراج درانی نے 87، متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار اظہار الحسن کو 48 اور مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ مروت نے 18 ووٹ حاصل کے جب کہ دو ووٹ مسترد کر دیے گئے۔

ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے وقت دلچسپ صورتحال سامنے آئی۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے ڈالے جانے والے بیلٹ پیپرز پر شہلا رضا اور سراج درانی کے نام درج تھے جس کے باعث منصب کے لیے ووٹنگ کچھ دیر ملتوی کیے جانے کے بعد دوبارہ شروع کی گئی۔

پیپلز پارٹی کی شہلا رضا 86 ووٹ حاصل کرکے دوسری بار سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں۔ وہ سابقہ اسمبلی میں بھی اسی عہدے پر فائز رہ چکی ہیں۔
XS
SM
MD
LG