پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں پولیس نے سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے دفتر میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی کے علاقے میٹھا در میں ایدھی سینٹر سے گزشتہ ہفتے آٹھ ڈاکو عبدالستار ایدھی سمیت عملے کو یرغمال بنانے کے بعد پانچ کلو گرام سونا اور لگ بھگ پانچ کروڑ روپے کے برابر غیر ملکی کرنسی بھی ساتھ لے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کو کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کے دوران ڈکیتی کے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا جب کہ اس کی نشاندہی پر دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ہونے والے ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ گزشتہ 15 سالوں سے ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کرچکا ہے اور کچھ عرصہ جیل میں سزا بھی کاٹ چکا ہے۔
سماجی خدمات کی بنا پر عبدالستار ایدھی کو ملک اور بیرونی دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اُن کے مرکز پر ڈاکے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے اس واقعے کی شدید مذمت کی گئی تھی۔