رسائی کے لنکس

دیر بالا: شدت پسندوں کے حملے میں امن لشکر کے چار رضا کار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے بقول حملے کے بعد مقامی لشکر نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔

صوبہ خیبرپختونخواہ کے سرحد ضلع دیر بالا میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے مقامی امن لشکر کے رضاکاروں پر حملہ کر کے چار افراد کو ہلاک کر دیا جبکہ جوابی کارروائی میں دو شدت پسند بھی مارے گئے۔

مقامی حکام کے مطابق جمعہ کو رات دیر گئے پہاڑی ضلع دیر بالا کے علاقے سونئی درہ میں شدت پسندوں نے ایک گھر پر حملہ کیا اور یہاں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

حملے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کا تعلق مقامی امن لشکر سے بتایا جاتا ہے۔

حکام کے بقول حملے کے بعد مقامی لشکر نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر شدت پسندوں کے خلاف جوابی کارروائی کی جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔

مقامی پولیس حکام کا دعویٰ ہےکہ یہ شدت پسند سرحد پار افغانستان سے آئے تھے۔

گزشتہ ہفتے ہی لگ بھگ 70 سے 80 شدت پسندوں نے سرحد پار افغانستان سے پاکستانی علاقے میں گھس کر فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا تھا لیکن بر وقت کارروائی سے اسے ناکام بنا دیا گیا۔

اسلام آباد کابل پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے۔

دریں اثناء مالاکنڈ کے علاقے سخا کوٹ میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار یہ دونوں افراد مبینہ طور پر بارودی مواد لے کر جا رہے تھے کہ اس میں دھماکا ہوگیا۔

پولیس نے مرنے والوں کے جسمانی اعضا اور دیگر شواہد جمع کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جون سے فوج نے شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر رکھی ہے جس کے بعد خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں پر تشدد واقعات میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔

حکام اور مبصرین ان واقعات کو فوجی آپریشن کا ممکنہ ردعمل قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG