پاکستان نے منگل کو کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل حتف نو ( نصر) کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو اپنے ہدف تک روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا ہے یہ میزائل 60 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا سکتا ہے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ میزائلوں کے تجربات کا مقصد ان کی صلاحیت کا جائزہ لینا ہے۔
ماضی میں اس قسم کے تجربات پاکستان اور اس کے روایتی حریف بھارت کے درمیان تناؤ کا باعث بنتے تھے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان ان سے متعلق پیشگی اطلاع دینے کے دوطرفہ سمجھوتا طے پانے کے بعد یہ معمول کی کارروائی کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔
عالمی برادری پاکستان اور بھارت کی عسکری صلاحیت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کیوں کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے دونوں ملک 1947ء میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کرنے کے بعد تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔