رسائی کے لنکس

پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، سیلاب کا انتباہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیان میں بتایا گیا کہ دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دریائے جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

پاکستان میں حکام نے آئندہ تین روز کے دوران مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا انتباہ بھی جاری کیا ہے۔

منگل کو خیبر پختونخواہ کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی شمالی مغربی شہر بنوں میں بارش اور آندھی کے اعث دو افراد موت کا شکار ہوئے۔

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے "این ڈی ایم اے" کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق شمالی علاقے میں گلگت، اسکردو شاہراہ کا ایک حصہ بارش کی وجہ سے بہہ گیا جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک میں خلل آیا۔ تاہم اس کی مرمت کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں شاہراہوں پر معمول کی ٹریفک بحال ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دریائے جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث دریائے چناب اور راوی سمیت دیگر ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ پنجاب، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں، سندھ کے بالائی اور بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پاکستان میں مون سون کے دوران ہونے والی بارشیں جانی و مالی نقصان کا باعث بنتی رہی ہیں اور 2010ء کے بعد سے ہر سال اس موسم میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے علاوہ سیلابوں کے باعث ہزاروں افراد بے گھر، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور بڑی تعداد میں املاک کو نقصان پہنچتا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG