رسائی کے لنکس

ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں: عمران خان


’نئے صوبے بننے چاہئیں۔ لیکن، اس پر بہت سوچ و بچار کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد عوام کی زندگی آسان بنانا ہے۔ ہم انتظامی بنیادوں پر صوبوں کے لیے کمیشن تشکیل دیں گے‘

کراچی ۔۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی ہے۔

جمعے کو قاسم باغ ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بننے چاہئیں۔ لیکن، اس پر بہت سوچ و بچار کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد عوام کی زندگی آسان بنانا ہے، ہم انتظامی بنیادوں پر صوبوں کے لیے کمیشن تشکیل دیں گے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ’ملک میں بلدیاتی نظام بھی بہت ضرور ہے۔ بلدیاتی نظام کے بغیر عوام آزاد نہیں ہوسکتے۔‘

انہوں نے خطاب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جس میں لوگ اپنے فیصلے خود کرسکیں۔

عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے وزرائے اعظم پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف نے بھارت کی جانب سے ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ کیوں کہ ان کے بھارت سے اپنے مفادات وابستہ ہیں۔‘

عمران خان کے بقول ’نواز شریف کے صاحبزادے بھارت میں کاروبار کر رہے ہیں، اس لئے نواز شریف نرمی اختیار کئے ہوئے ہیں‘۔

عمران خان نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں مودی کو پیغام دیتا ہوں کہ ’پاکستانی قوم خوف زدہ ہونے والی نہیں ۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ فوج اور قوم اکٹھی ہیں اور ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘

عمران خان نے کہا کہ 60 دن پہلے جب لاہور سے اسلام آباد کے لیے نکلا تو سوچ رہا تھا کہ نوازشریف کا استعفیٰ ملا تو بڑی جیت ہوگی لیکن مجھے پتا نہیں تھا میری قوم جاگ چکی ہے ۔“

عمران خان نے 21 نومبر کو لاڑکانہ میں بھی عوامی جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔

XS
SM
MD
LG