رسائی کے لنکس

آپریشن ضرب عضب میں ’23 دہشت گرد ہلاک‘


پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں اُنھیں آپریشن ’ضرب عضب‘ سے متعلق حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں اُنھیں آپریشن ’ضرب عضب‘ سے متعلق حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق پیر کو ہونے والی والی ملاقات میں افغانستان میں سیاسی قیادت کی تبدیلی کے تناظر میں خطے کی صورت حال کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

شمالی وزیرستان میں فوج نے 15 جون کو ’ضرب عضب‘ کے نام سے آپریشن شروع کیا تھا۔

اُدھر پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پیر کو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 23 جنگجو مارے گئے۔

فوج کے ایک بیان کے مطابق یہ فضائی کارروائی غلام خان نامی علاقے کے قریب بنگی دار کے مقام پر کی گئی۔

ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ جس علاقے میں یہ کارروائی کی گئی وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کو رسائی حاصل نہیں۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملک کے دفاع کے لیے فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد وہاں سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی دوبارہ بحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی بھی زیر غور آئی۔

سویلین حکومت اور فوج کے عہدیدار کہہ چکے ہیں کہ عسکریت پسندوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جا رہا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

آپریشن ’ضرب عضب‘ شروع ہونے کے بعد سے ملک کے مختلف حصوں میں اب تک 82 سے زائد سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جب کہ فوج کے مطابق آپریشن ’ضرب عضب‘ میں اب تک ایک ہزار سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG