تحریکِ انصاف کے احتجاج کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے: وزیرِ اطلاعات
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں ہے۔ تحریکِ انصاف کے احتجاج کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کی کوریج کرنے والے مقامی اور غیر ملکی میڈیا کے لیے میڈیا فیسلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے گھروں میں بیٹھ کر کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ماضی میں پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا۔ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی وزیرِ اعظم 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے آج پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دے گا۔
مولانا فضل الرحمان کی تحریکِ انصاف سے احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اداروں میں توازن پیدا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ آئینی ترمیم کے حوالے سے اتفاقِ رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
ٹنڈوالہیار میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کا جو مسودہ حکومت نے دیا تھا وہ مسترد کر دیا تھا۔ اس وقت گفتگو اور مذاکرات میں کافی حد تک اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے میں نو ماہ لگے تھے۔ اب اس آئینی ترمیم کے لیے کم از کم نو دن تو دیے جائیں۔ آج کیا مسئلہ ہے جو ہم پر جلدی مسلط کی جا رہی ہے
ان کے بقول اتفاقِ رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے تحریکِ انصاف سے بھی اپیل کی کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر اپنا احتجاج مؤخر کر دے۔
چینی وزیرِ اعظم گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کریں گے
چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ پاکستان کے چار روزہ دورے میں وفود سے ملاقاتیں اور یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہبازشریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے چین کے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
چینی وزیرِ اعظم کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔حکام کے مطابق 11 برس کے بعد چین کے کسی بھی وزیرِ اعظم کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی وزیرِ اعظم کی ملاقات اور وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
دونوں وزرائے اعظم چین پاکستان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے جس میں سی پیک کے ساتھ ساتھ دیگر بڑے منصوبے بھی شامل ہیں۔ تقریب میں گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی شامل ہے۔
بنوں پولیس لائن میں پانچ دہشت گرد داخل ہونے کی اطلاع ہے: صوبائی وزیر
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ بنوں میں پولیس حملے کا واقعہ شہید اہل کار کی نمازِ جنازہ کے بعد پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنوں پولیس لائن میں پانچ دہشت گرد داخل ہونے کی اطلاع ہے۔بنوں پولیس لائن میں ابھی بھی فائرنگ کا تبادلہ جاری ہےاور چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس نے پولیس لائنز کے اطراف کو سیل کردیا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پختون یار خان کے مطابق پولیس لائن میں جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔