بنوں پولیس لائنز حملہ، آپریشن مکمل ، پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی پولیس کے مطابق بنوں کی پولیس لائنز میں دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں پشاور سے لاپتا ہونے والا ایک شخص بھی شامل ہے جب کہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ خیال رہے کہ پیر کی دوپہر برقع پوش دہشت گرد اس وقت پولیس لائنز بنوں میں داخل ہو گئے تھے جب وہاں ایک پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی تھی۔
مظاہرین کے ساتھ بدسلوکی؛ کراچی پولیس کے 11 اہلکار معطل
پاکستان کے شہر کراچی کے پولیس حکام نے اتوار کو سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر 11 اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
سندھ پولیس کے ترجمان علی راشد نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ صورتِ حال کو مس ہینڈل کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔ معطل ہونے والوں میں ایک انسپکٹر، پانچ خواتین پولیس اہلکار اور پانچ مرد اہلکار شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی تھیں جس میں پولیس اہلکار خواتین کو گھسیٹتے ہوئے لر کر جا رہے ہیں جب کہ خواتین رپورٹرز سمیت خواتین کو لاٹھیاں بھی ماری جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں توہینِ مذہب کے الزامات اور ملزمان کے عدالتی کارروائی سے پہلے ہی قتل کے واقعات کے خلاف سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اتوار کو کراچی میں 'سندھ رواداری مارچ' کا اہتمام کیا تھا۔ اسی دوران مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے بھی ریلی نکالی تھی۔
میٹرو پول ہوٹل کے قریب پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ انتظامیہ کے مطابق ریلیوں کی باقاعدہ اجازت نہیں لی گئی تھی اور دونوں فریقوں نے قانون کی خلاف ورزی کی۔
بنوں حملہ: تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک، تین دہشت گرد مارنے کا دعویٰ
پولیس حکام کے مطابق بنوں پولیس لائنز میں دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ حملے کے دوران تین دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد پانچ تھی۔ آخری اطلاعات تک پولیس لائنز میں سرچ آپریشن جاری تھا۔
بنوں پولیس لائنز میں عسکریت پسند کیسے داخل ہوئے؟
بنوں میں پولیس لائنز حملے کے حوالے سے حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گرد پولیس لائنز کے اندر برقعے پہن کر داخل ہوئے۔
اسپتال حکام کے مطابق عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد پانچ تھی۔
پولیس نے تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ آخری اطلاعات تک پولیس لائنز میں سرچ آپریشن جاری تھا۔