رسائی کے لنکس

قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے: صدر ممنون حسین


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا اور اب اس کے ازالے کا وقت ہے۔ ان کے بقول قوم دہشت گردوں کو شکست دے کر پاکستان کو پرامن ملک بنا دے گی۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے اور حکومت کا فیصلہ ہے کہ دہشت گردانہ حملوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

جمعرات کو کوئٹہ میں کرسمس اور زیارت میں قائد اعظم محمد علی جناح سے منسوب زیارت ریذیڈنسی میں ایک تقر یب سے خطاب کر تے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا اور اب اس کے ازالے کا وقت ہے۔ ان کے بقول قوم دہشت گردوں کو شکست دے کر پاکستان کو پرامن ملک بنا دے گی۔

" قوم کے مشترکہ دشمنوں کے خلاف اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کر تے ہوئے لڑنا ہو گا سب کو مل کر دشمن کو کاری ضرب لگانی ہے زندہ قومیں جذبات کے ہجوم میں بھی اپنے اوسان کو بحال رکھتی ہیں اور اپنے مسائل کا تجزیہ کر کے اُن کی وجوہات کو ڈھونڈ نکالتی ہیں اور پوری یکسوئی کے ساتھ اُنھیں حل کرتی ہیں وقت کا تقاضہ ہے کہ قوم اپنے تمام تر تحفظات کو بالائے طاق رکھ کر اس جنگ میں اپنی قیادت اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہو جائے تاکہ ایک ہی بار کاری ضرب لگا کر دشمن کا خاتمہ کیا جائے۔"

صدر ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کی ترقی کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے جس کی ایک مثال گوادر کاشغر اقتصادی راہداری ہے جس سے اس خطے کی معیشت میں ان کے بقول انقلاب برپا ہو گا۔

قائداعظم نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت ریذیڈنسی میں گزارے تھے جس کی وجہ سے اس عمارت کو ان سے منسوب کیا گیا۔ ایک سو سال سے زائد پرانی اس عمارت کو گزشتہ سال شدت پسندوں نے حملہ کر کے تباہ کر دیا تھا۔ اس سال اس عمارت کو دوبارہ اپنی اصل حالت میں بحال کرنے کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے کوئٹہ میں مسیحیوں کے مذہبی تہوار کرسمس کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقر یب سے خطاب کرتے ہو ئے صدر مملکت نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے اپنی مذموم کارروائیوں سے ملک کے امن کو متاثر کیا لیکن پاکستانی قوم بابائے قوم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایک پرامن، خوشحال، روشن اور تابناک پاکستان اس کا مستقبل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر اقلیتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم پر کار بند ہے۔

XS
SM
MD
LG