پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں اتوار کو موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
مقامی حکام نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے اسپینی روڈ پر پیش آنے والے اس واقع میں ایک خاتون سمیت تین راہ گیر زخمی بھی ہوئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جب کہ پولیس نے حملے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شر وع کر دی ہے ۔
رواں ماہ شیعہ برادری پر ہونے والا یہ تیسرا حملہ تھا، اس سے قبل ہزارہ ٹاؤن میں ایک گراؤنڈ میں جمع ہونے والے افراد پر حملے میں آٹھ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے تھے جب کہ سر یاب کے علاقے میں ایک گاڑی میں سوار افراد پر کی گئی فائرنگ سے سات افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے تھے۔