رسائی کے لنکس

”بحری بیڑے پر حملہ بلاجواز اور ظالمانہ اقدام“


”بحری بیڑے پر حملہ بلاجواز اور ظالمانہ اقدام“
”بحری بیڑے پر حملہ بلاجواز اور ظالمانہ اقدام“

پاکستان نے امدادی قافلے پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کارواں میں شامل اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

غزہ میں تین سال سے محصور فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والے بحری بیڑے پر اسرائیلی فوج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے اسے بلاجواز، بلااشتعال اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کا حملہ نا صرف بین الاقوامی ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی اقدار کی بھی نفی کرتا ہے۔ اُنھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اقوام عالم اس اقدام پر سنجیدگی سے غور کریں گی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجے جانے والے سامان کے ہمراہ سفر کرنے والے افراد بشمول پاکستانی شہریوں کے حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس سے قبل دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی سامان کے قافلے پر حملے سے پید ا ہونے والی صورت حال پر پاکستان تمام دوست ممالک سے رابطے میں ہے اور اپنے شہریوں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے تمام سفارتی ذرائع کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کے نمائندے طلعت حسین اپنے ایک ساتھی کے ساتھ اس قافلے میں شامل ہیں۔جب کہ ایک پاکستانی امدادی تنظیم کے سربراہ ندیم احمد بھی امدادی سامان لے کر جار ہے تھے ۔ بحری بیٹرے پر حملے کے خلاف پاکستان میں خصوصاََ صحافیوں کی نمائندہ تنظیمو ں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں جن میں میڈیا کے نمائندوں کے خلاف اسرائیل کے اس جارحانہ اقدام کی مذمت کی گئی۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کی عمارت کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں ارکان پارلیمان اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔


XS
SM
MD
LG