رسائی کے لنکس

نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کے انتظامات مکمل


پشاور میں گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان نے صحافیوں کو بتایا کہ 16 مارچ سے جنوبی وزیرستان، 20 مارچ سے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ اور 31 مارچ سے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کا عمل شروع ہو گا۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں شمالی و جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی سے شورش پسندی اور شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے علاقوں کو واپسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ہفتہ کو پشاور میں گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان نے صحافیوں کو بتایا کہ 16 مارچ سے جنوبی وزیرستان، 20 مارچ سے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ اور 31 مارچ سے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کا عمل شروع ہو گا۔

انھوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن شروع ہونے کے بعد وہاں سے نقل مکانی کر کے افغانستان چلے جانے والے قبائلی بھی کرم ایجنسی کے راستے واپس آچکے ہیں۔ ان کے بقول اب تک تقریباً ایک لاکھ 26 ہزار افراد واپس پہنچے ہیں جن کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال جون میں شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج نے شدت پسندوں کے مضبوط گڑھ شمالی وزیرستان میں بھرپور کارروائی شروع کی تھی جس کی وجہ سے یہاں سے تقریباً چھ لاکھ افراد نقل مکانی کر کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں عارضی طور پر مقیم ہوئے۔

گزشتہ اکتوبر میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز ایک اور قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بھی کیا گیا اور یہاں سے بھی لاکھوں افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں اب تک سینکڑوں ملکی و غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا گیا ہے جب کہ حکام کے بقول شدت پسندوں کی تخریبی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کو بھی تقریباً ختم کر دیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخواہ کے ہمراہ پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن بھی موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے صاف کروائے گئے علاقوں میں لوگوں کی واپسی سے لیے ماحول کو ساز گار بنایا جارہا ہے۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اس عزم کا اظہار کر چکی ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس کی وجہ سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

قبائلی علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے امریکہ بھی پاکستان کو معاونت فراہم کرتا آرہا ہے۔

XS
SM
MD
LG