رسائی کے لنکس

پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر امریکی رپورٹ مسترد


پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر امریکی رپورٹ مسترد
پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر امریکی رپورٹ مسترد

پاکستان میں حکمران اتحاد اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملک میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی اور حکمران پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ امریکی رپورٹ میں پاکستان کے اندرونی حالات کو جس انداز میں پیش کیا گیا ہے وہ زمینی حقائق کے برعکس ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا موقف جانے بغیر رپورٹ میں اُن پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران ماورائے عدالت ہلاکتوں کے ’یک طرفہ‘ الزامات لگائے گئے ہیں۔

’’ہماری فورسز کے جوانوں کی تو مجبوری یہ ہے کہ اُن کے سامنے اپنی ہی قوم کے لوگ ہوتے ہیں اور بعض اوقات وہ اپنا نقصان کر دیتے ہیں اور معصوم شہریوں کو بچاتے ہوئے اپنی جانوں کے نظرانے دے جاتے ہیں۔‘‘

امریکی محکمہ خارجہ نے کانگریس کو پیش کی گئی اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال ملک میں ماورائے عدالت ہلاکتوں اور زیر حراست مشتبہ افراد کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی عالمی جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز انتہائی ذمہ داری کے ساتھ شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں جس کا ثبوت سوات، جنوبی وزیرستان اور دیگر شمال مشرقی علاقوں میں کامیاب فوجی آپریشنز ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں میں ہزاروں فوجی ہلاکتوں کی شکل میں دی گئی بے مثال قربانیوں کے باوجود سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے الزامات عائد کرنا قابل افسوس ہے۔ اُن کے بقول الزام تراشی کا یہ سلسلہ پاکستان کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو ماضی میں زیرحراست مشتبہ شدت پسندوں کو ماروائے عدالت قتل کرنے کے الزامات کا سامنا رہا ہے جنھیں وہ مسترد کرتی آئی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں پاکستان میں آباد اقلیتوں پر تشدد کے علاوہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی اور جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں سیاسی بنیاد پر قتل کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس بارے میں پر اپنا ردعمل بیان کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ملک میں ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے جہاں برداشت کے جذبے کے تحت ایک دوسرے کی بات سنی اور سمجھی جائے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے علاوہ اراکین پارلیمان بھی ملک میں امن وامان کی صورت حال میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں تاہم اُنھوں نے تسلیم کیا کہ اب بھی اس بارے میں بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔

XS
SM
MD
LG