رسائی کے لنکس

پہلا ٹی20، پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے ہرادیا


پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20۔ شعیب احمد ایکشن میں۔۔ 12 جون 2018
پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20۔ شعیب احمد ایکشن میں۔۔ 12 جون 2018

پاکستانی بولرز نے ٹی20 کرکٹ میں اپنی برتری ثابت کی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر نہ صرف میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی بلکہ کسی بھی حریف بیٹسمین کو کھل کر شاٹس کھیلنے کا موقع نہیں دیااور اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں156 رنز بنا سکی

سرفراز اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ اور بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث پاکستان نے پہلے ٹی 20میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنزسے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک۔صفرکی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے جیت کے لے 205رنز کا ہدف دیا لیکن میزبان ٹیم 6 وکٹیں گنوا کر 156 رنز ہی بنا سکی۔

اتوار کو ایک روزہ میچ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کے خلاف حیران کو جیت کے بعد کرکٹ کے پنڈٹ توقع کررہے تھے کہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم پاکستان کے لئے لوہے کے چنے ثابت ہوگی لیکن گرین شرٹس نے اپنی برتری ثابت کر کے خود کو ٹی20کرکٹ کی نمبر ون ٹیم کے طور پر منوا لیا۔

اسکاٹ لینڈ نے دو روز قبل اسی گراؤنڈ پر ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ کے خلاف 371رنز بنائے تھے، جواب میں انگلش ٹیم 49اوورز میں 365رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کرکٹ کے ماہرین اس وکٹ پر 180رنز کو قابل دفاع اسکور قرار دے رہے تھے لیکن دو سینیر کھلاڑیوں سرفراز احمد اور شعیب ملک کے شاندار بیٹنگ کے سبب پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 204رنز بنائے۔ دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 96رنز جوڑے۔

شعیب ملک نے 27گیندوں پر5چھکوں کی مدد سے 51رنز بنائے تو کئی میچز سے آؤٹ آف فارم سرفراز احمد نےاوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے صرف 49گیندوں پر ناقابل شکست 89رنز بنائے۔ پاکستان نے آخری 5 اوورز میں 80رنز بنائے۔

یہ ٹی 20 کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کیپر بلے باز کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اس سے قبل سری لنکا کے سنگاکارا نے 2009ء میں بھارت کے خلاف 78رنز بنائے تھے۔

سرفراز نے سفیان شریف کے آخری اوور میں 19رنزبنائے۔ یوں پاکستان نے مقررہ 20اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 204رنز بناکر اسکاٹ لینڈ کے لئے نسبتاً مشکل ہدف سیٹ کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کے اوپنرزجارج منزی اور کوٹزر نے برق رفتار آغاز فراہم کیا اور صرف 29گیندوں پر 50رنز بناکر پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، لیکن بدقسمتی سے وہ اس پارٹنرشپ کو مزید طول نہ دے سکے اور جارج منزی25رنز بناکر حسن علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نئے بیٹسمین بیرنگٹن کچھ جلدی میں نظر آئے اور صرف تین بنا سکے۔ کپتان کوئٹزر بھی بیرنگٹن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور برق رفتار 31رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی بولرز نے ٹی20 کرکٹ میں اپنی برتری ثابت کی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر نہ صرف میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی بلکہ کسی بھی حریف بیٹسمین کو کھل کر شاٹس کھیلنے کا موقع نہیں دیااور اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں156 رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ 48رنز سے اپنے نام کرلیا۔

حسن علی اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ محمد عامر اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا دوسرا میچ کل اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG