رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو 287 رنز کا ہدف


45 ویں اوور میں جب پاکستان کا اسکور6 وکٹوں پر 260 رن تھا، تو فلڈ لائٹس کے ایک ٹاور میں خرابی کے باعث میچ روکنا پڑا

عرب امارات کے شہر شارجہ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمعہ کو کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے اپنی اننگز میں 284 رنز بنائے ہیں لیکن ڈک ورتھ ۔لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لئے 287 رنز بنانا ہوں گے کیوں کہ میچ فلڈ لائٹس کی کمی کے باعث ڈک ورتھ ۔لوئس میتھڈ کےتحت 49 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا ۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن، ایک روزہ میچوں میں پاکستان کو ایک بار پھر اچھا آغاز نہ مل سکا اور کپتان اظہر علی میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر رام دین کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم مشکل صورتحال میں بیٹنگ کیلئے آئے۔ انہوں نے شرجیل خان کے ساتھ اننگ کو آگے بڑھایا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 82 رنز بنائے۔

اس موقع پر شرجیل خان سلیمان بین کی گیند پر نارائن کو کیچ دے بیٹھے۔ شعیب ملک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

وکٹ کیپرو بیٹسمین سرفراز احمد اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 99 رن بنا کر ٹیم کا اسکور192 رن تک پہنچا دیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے کھل کر وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے۔ سرفراز کا اسکور جب 35 پر پہنچا، تو وہ بھی بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس دوران بابر اعظم نے اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ان کی پہلی سنچری ہے۔

محمد رضوان صرف 11 بنا کر رن آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پولارڈ نے باؤنڈری لائن پر ان شاندار کیچ لیا۔

بابر اعظم کی اننگز میں 8 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔

45ویں اوور میں جب پاکستان کا اسکور6 وکٹوں پر 260 رنز تھا تو فلڈلائٹس کے ایک ٹاور میں خرابی کے باعث میچ روکنا پڑا۔

میچ جب دوبارہ شروع ہوا تو دونوں ٹیموں کی اننگز49 ،49 اوورز تک محدود کردی گئی۔ پاکستان نےاپنی اننگ کے آخری تین اعشاریہ چار اوور میں تین وکٹیں گنوا کر اسکور میں صرف 24 رنز کا اضافہ کیا۔ یوں گرین شرٹس نے مقررہ 49 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رن بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے بریتھ ویٹ نے تین، جبکہ گیبریل، ہولڈر، بین اور نارائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG