رسائی کے لنکس

راحت فتح علی رہا، تفتیش کے لیے 17 فروری کو دوبارہ طلب


راحت فتح علی رہا، تفتیش کے لیے 17 فروری کو دوبارہ طلب
راحت فتح علی رہا، تفتیش کے لیے 17 فروری کو دوبارہ طلب

نامور پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو بھارتی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے 24 گھنٹوں سے زائد "حفاظتی تحویل " میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

پاکستانی گلوکار اور اُن کے طائفے میں شامل افراد کو بھارتی حکام نے نئی دہلی کے اندراگاندھی ائیر پورٹ اتوار کی شام اُس وقت اپنی تحویل میں لیا تھا جب وہ بھارت کے دورے کے بعد پاکستان لوٹ رہے تھے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق راحت کے پاس سے ایک لاکھ ڈالرز سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی تھی جو بھارتی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

بھارتی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق راحت سے انڈین ریونیو انٹیلی جینس ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار تفتیش کررہے تھے۔ اہلکاروں نے راحت کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور انہیں مزید تفتیش کیلیے 17 فروری کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔ اس مدت کے دوران ان کے بھارت سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بھارتی قوانین کے تحت مسافروں کو پانچ ہزار ڈالر کی رقم اور اتنی ہی مالیت کے ٹریولرز چیک لے جانے کی اجازت ہوتی ہے لیکن کسٹم حکام کی طرف سے دیے جانے والے فارم میں اس کا اندراج لازمی ہوتا ہے۔ تاہم مبینہ طور پر راحت فتح علی خان اور اُن کے طائفے میں شامل افراد نے ایسا نہیں کیا تھا۔

قبل ازیں پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ راحت فتح علی خان کے طائفے میں شامل بارہ دیگر ارکان کو پہلے ہی رہا کیا جاچکا ہے جب کہ راحت اور ان کے دو دیگر ساتھی بھارتی تحویل میں ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ راحت کے ساتھ ان کے دیگر دونوں ساتھیوں کو بھی رہا کیا گیا ہے یا نہیں۔

اس سے قبل پیر کی صبح پاکستان کے خارجہ سیکرٹری سلمان بشیر نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر سے اس مسئلے پر بات چیت کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار کو رہا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے بھی پیر کی صبح قائم مقام بھارتی خارجہ سیکرٹری وویک کاتجو کے ساتھ بات چیت میں پاکستانی گلوکار کی حفاظتی تحویل کو ختم کرنے پر اصرار کیا تھا۔

راحت پاکستان کے نامور قوال اورموسیقارآنجہانی نصرت فتح علی خان کے بھتیجے ہیں اور حالیہ برسوں میں بھارتی فلموں میں ان کے گائے ہوئے گیت بے پناہ مقبول ہوئے ہیں۔ گذشتہ ماہ انھوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کے معتبر ترین سمجھے جانے والافلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کیا ہے اور اکثر اوقات بھارت کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG