رسائی کے لنکس

پاکستان مسیحیوں کے لیے چھٹا خطرناک ترین ملک: رپورٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تاہم پاکستان کی حکومت یہ کہتی ہے کہ وہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے شہریوں کے حقوق اور اپنے عقائد کی پیروی کی مکمل آزادی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں متعدد اقدام بھی کیے گئے ہیں۔

مسیحیوں کی حالت زار پر نظر رکھنے والی ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کو مسیحیوں کے لیے دنیا کا چھٹا خطرناک ترین ملک قرار دیا ہے۔

امریکہ میں قائم "اوپن ڈورز" نامی تنظیم کی طرف سے 50 ممالک کو مسیحیوں کے لیے تین مختلف درجوں میں تقسیم کر کے جائزہ رپورٹ بین الاقوامی فہرست برائے 2016ء جاری کی جو کہ انتہائی خطرناک، بہت خطرناک اور خطرناک میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

تنظیم نے پاکستان میں توہین مذہب کے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے اکثر غیر مسلموں بشمول مسیحیوں کے خلاف ذاتی عناد کی بنا پر استعمال کیا جاتا ہے۔

تنظیم نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 700 مسیحی لڑکیاں اور خواتین اغوا ہوتی ہیں جنہیں اکثر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کی مسلمانوں کے ساتھ زبردستی شادی کر دی جاتی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران مسیحیوں کی عبادت گاہوں کو بھی دہشت گرد حملوں میں نشانہ بنایا جا چکا ہے جن میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ توہین مذہب کے الزام میں مشتعل ہجوم کی طرف سے مسیحی برادری کی بستیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔

تنظیم نے اپنی رپورٹ میں 2014ء میں لاہور کے قریب کوٹ رادھا کشن میں ایک مسیحی جوڑے کو توہین مذہب کے الزام میں مقامی مسلمان آبادی کی طرف سے اینٹوں کے بھٹے میں زندہ جلا دینے کا تذکرہ بھی کیا۔

تاہم پاکستان کی حکومت یہ کہتی ہے کہ وہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے شہریوں کے حقوق اور اپنے عقائد کی پیروی کی مکمل آزادی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں متعدد اقدام بھی کیے گئے ہیں۔

حکمران جماعت کے رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے رکن محمد معین وٹو نے جمعہ کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ موجودہ حکومت غیرمسلم شہریوں کے معاملات کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور ان برادریوں کو قانون سازی اور حکومت میں بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

"ان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے قوانین میں ترامیم بھی کی جا رہی ہیں کہ کہیں بھی غیر مسلم برادری کو عدم تحفظ کا احساس نہ ہو، ان کو پہلے ہی تحفظ حاصل ہے مگر مزید بھی قوانین میں اقدام کیے جا رہے ہیں۔"

اوپن ڈورز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان مسیحیوں کے لیے خطرناک ترین ملکوں کی فہرست میں چوتھے جب کہ ایران نویں نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کے دیگر ہمسایوں میں بھارت مسیحیوں کے لیے بہت خطرناک ملکوں کی فہرست میں آٹھویں، چین خطرناک کے درجے میں آٹھویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا مسیحیوں کے لیے انتہائی خطرناک ملکوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG