رسائی کے لنکس

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو تین رنز سے ہرا دیا، محمد رضوان کی سینچری


پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے ناقابلِ شکست 104 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے ناقابلِ شکست 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو تین رنز سے شکست دے دی۔

آخری گیند پر میچ جیتنے کے لیے جنوبی افریقہ کے پاس ایک چھکا لگانے کا موقع موجود تھا۔ کیوں کہ آخری گیند پر اسے جیت کے لیے چھ رنز درکار تھے۔

اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز ریزا ہینڈرکس اور جانیمن ملان نے اپنی ٹیم کو ایک ٹھوس بنیاد فراہم کی۔ انہوں ںے 53 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب عثمان قادر نے جنوبی افریقہ کے 44 رنز پر کھیلنے والے اوپنر بیٹسمین ملان کو آؤٹ کر دیا۔ تاہم اس وقت بھی پاکستان کے لیے خطرہ موجود تھا کیونکہ دوسرے اینڈ پر ریزا بینڈرکس کھیل رہے تھے۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔

اس کے بعد جیکس سنیمن اور ڈیوڈ ملر بالترتیب 2 اور 6 اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ جس سے پاکستانی ٹیم کی توقعات میں اضافہ ہوا۔

پھر وقفے وقفے سے جنوبی افریقہ کی وکیٹں گرتی رہیں۔ جب 19 واں اوور ختم ہوا تو مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 19 رنز درکار تھے۔

پاکستانی کھیلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد واپس پویلین جا رہے ہیں۔ 11 فروری 2021
پاکستانی کھیلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد واپس پویلین جا رہے ہیں۔ 11 فروری 2021

پاکستان کی طرف سے آخری اوور فہیم اشرف نے کرایا۔ آخری اوور میں جنوبی افریقہ کے پاس تین وکٹیں باقی تھیں۔ اور کریز پر ڈوین اور بجورن موجود تھے۔ انہوں نے اس اوور میں کھل کر کھیلنے اور ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ صرف 15 رنز ہی بنا سکے اور اس طرح پاکستان نے یہ میچ تین رنز سے جیت لیا۔

اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 169 بنائے۔ پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے صرف 64 گیندوں پر ناقابلِ شکست 104 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔

محمد رضوان نے اپنی اننگز کے دوران سات چھکے اور چھ چوکے لگائے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ حیدر علی نے 21، خوشدل شاہ نے 12، افتحار احمد نے چار، حسین طلعت نے 15، فہیم اشرف نے چار جب کہ محمد نواز نے تین رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی چار اوور میں صرف 20 رنز اور ایک وکٹ حاصل کر کے نمایاں رہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 11 سے 14 فروری تک لاہور میں کھیلی جا رہی ہے۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی ہفتے کو جب کہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی اتوار کو کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دو، صفر سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG