رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ: بابر اور فواد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، پاکستان ٹیم گر کر سنبھل گئی


راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔

دوسرے میچ کے لیے پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی تین بلے باز صرف 22 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اوپننگ بیٹسمین عمران بٹ 15، عابد علی چھ اور اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے باز جنوبی افریقی بالرز کے سامنے ڈٹ گئے اور 100 رنز سے زائد کی پارٹنرشپ قائم کرنے میں کامیاب رہے۔

چائے کے وقفے تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

راولپنڈی میں بارش کے باعث چائے کے وقفے کے بعد دوبارہ میچ شروع نہ ہو سکا اور پہلے دن کا کھیل ختم کرنا پڑا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اسپنر کشو مہاراج نے دو اور اینرچ نورٹجی ایک وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔

دو میچز کی سیریز میں میزبان پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس سے قبل کراچی ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG