رسائی کے لنکس

پاکستان، سری لنکا مقابلہ ٹی 20 سیریز میں جمعرات کو ہوگا


آل راؤنڈر تھسارا پریرا، ٹی 20 سیریز میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس تبدیلی کی وجہ محدود اوورز کے ریگولر کپتان اُپل تھرنگا سمیت بعض اہم کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور میں کھیلنے سے انکار ہے، جہاں سیریز کا آخری میچ ہوگا

ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ ایک روزہ میچوں میں کلین سوئپ کی صورت میں لینے کے بعد پاکستان ٹیم جمعرات سے سری لنکا کے خلاف ٹی 20سیریز میں مقابلہ کرے گی۔

آل راؤنڈر تھسارا پریرا، ٹی 20 سیریز میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اس تبدیلی کی وجہ محدود اوورز کے ریگولر کپتان اُپل تھرنگا سمیت بعض اہم کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور میں کھیلنے سے انکار ہے، جہاں سیریز کا آخری میچ ہوگا۔

تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا اورآخری میچ29 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جس کے لئے اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام زور و شور سے جاری ہے۔

ٹی 20 سیریز میں شرکت کے لئے پاکستان ٹیم کے تین کھلاڑی محمد نواز، عمر امین اور عامر یامین بھی دبئی پہنچ گئے ہیں۔

ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی طرح ٹی 20 کرکٹ میں بھی پاکستان کا ریکارڈ کافی بہتر ہے۔ یونس خان کی قیادت میں پاکستان ٹیم 2009ء میں ٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ بھی جیت چکی ہے۔

ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر نظر ڈالی جاتے تو اس نے اب تک مجموعی طور پر 117 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں، 69 میں کامیابی حاصل کی، 45 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2میچ ٹائی ہوئے۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اب تک 15 مرتبہ آمنے سامنے آئیں، 10 میچوں میں جیت پاکستان کا مقدر بنی، جبکہ 5میں سری لنکن ٹیم فتحیاب ہوئی۔

پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی نے سب سے زیادہ 98 میچز کھیلےجبکہ کسی بھی اننگز میں سب سے بڑا انفرادی اسکور احمد شہزاد کا 111 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

شعیب ملک 89 میچوں میں 28 اعشاریہ 65 کی اوسط سے 1719 رنز بناکر ٹاپ پر ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 24 اعشاریہ 35 کی اوسط سے 97 وکٹیں حاصل کیں، ان کی بہترین پرفارمنس 11 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی۔

XS
SM
MD
LG