وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ہفتے کو سوات میں عمائدین کے ایک جرگے سے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی حکومت کی عمل داری کو چیلنج کیا جائے گا وہاں ان ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اُنھوں نے کہاکہ سوات آپریشن کی کامیابی مقامی عوام کے تعاون ہی سے ممکن ہوئی ہے اور پوری دنیا اس اقدام کو سراہ رہی ہے ۔ وزیراعظم گیلانی نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ مالاکنڈ ڈویژن بشمول وادی سوات کی تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ سوات میں فوجی آپریشن کی حقیقی کامیابی تب ہی ممکن ہو گی جب عام آدمی کی فلاح کے لیے علاقے میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ اُنھوں نے اپنے دورے کے موقع پر سوات یونیورسٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔