رسائی کے لنکس

پاکستان کی پہلی کامیابی، ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا


امام الحق شاٹ کھیلتے ہوئے
امام الحق شاٹ کھیلتے ہوئے

ایشیا کپ 2018ء میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے کھیل کے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی پیش کی۔ پہلے بولرز نے حریف ٹیم کو بڑا اسکور کرنے سے روکا، پھر بیٹسمینوں نے آسانی سے ہدف پورا کیا، جب کہ فیلڈرز نے بھی جیت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔

ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 116 رنز بنائے، پاکستان نے مطلوبہ ہدف 23 اعشاریہ4 اوورز میں صرف2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پاکستان نے 120 رنز بنائے۔

فخر زمان اور امام الحق نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں 27 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

بابر اعظم کا ایک انداز
بابر اعظم کا ایک انداز

نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر 52 رن بنائے۔

اس دوران بابر اعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں صرف 45 اننگز کھیل کر دوہزار رنز مکمل کیے۔ وہ تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

پاکستان کے ظہیر عباس اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن نے بھی 45، 45 اننگز کھیل کو یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا، جبکہ جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 40 اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

بابر اعظم 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ امام الحق 50 اور شعیب ملک9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن پوری ٹیم 37 اعشاریہ ایک اوور میں صرف 116 رنز بنا سکی۔

نزاکت خان اور انشومن رتھ نے اوپننگ کی لیکن نزاکت خان صرف 13رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ انشومن 19، بابر حیات 7، کرسٹوفر کارٹر 2،کینچٹ شاہ 26، اعزاز خان 27، احسن نواز 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ تین کھلاڑیوں یعنی احسن خان، مک کیچنی اور تنویر افضل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ہانگ کانگ کے صرف چار کھلاڑی ایسے تھے جو 'ڈبل فگر' تک پہنچ سکے ورنہ باقی کھلاڑی سنگل فگر پر ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ان میں سے عثمان خان نے 3، حسن علی اور شاداب خان نے 2، 2 اور فہیم اشریف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

محمد عامر خان نے بہت اچھی بالنگ کی۔ لیکن، ان کے ہاتھ ایک بھی وکٹ نہ لگ سکی۔

XS
SM
MD
LG