رسائی کے لنکس

نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی پانچ قبائلی علاقوں میں واپسی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بے گھر افراد کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کے لیے حکومت کو ایک خطیر رقم درکار ہے اور گورنر خیبر پختوںخواہ نے بھی اپنے تازہ بیان میں اس کا تذکرہ کیا۔

شورش، شدت پسندی اور ان کے انسداد کے لیے کی جانے والی کوششوں کے دوران پاکستان کے پانچ قبائلی علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کا عمل جمعرات کو شروع ہو گیا اور یہ پہلا موقع ہے کہ بیک وقت پانچ مختلف قبائلی ایجنسیوں کے لوگوں کو ان کے علاقوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

قبائلی علاقوں کے انتظامی سربراہ گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ واپسی کے شروع کیے گئے اس مرحلے میں شمالی و جنوبی وزیرستان، خیبر، اورکزئی اور کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے لوگ شامل ہیں اور جمعرات کی صبح ہنگو کے توغ سرائے کیمپ سے 700 خاندان اورکزئی واپس روانہ ہو گئے۔

قبائلی علاقوں میں آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق مختلف قبائلی ایجنسیوں سے بے گھر ہونے والے تقریباً تین لاکھ خاندانوں میں سے ایک لاکھ 44 ہزار پہلے ہی اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

بیان کے مطابق اندرون ملک نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کو چار مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے جو دسمبر 2016ء تک اختتام کو پہنچے گا۔

ان لوگوں کو اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد ہونے میں مدد کے لیے اب تک دو ارب روپے سے زائد فراہم کیے جا چکے ہیں۔

بے گھر افراد کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کے لیے حکومت کو ایک خطیر رقم درکار ہے اور گورنر خیبر پختوںخواہ نے بھی اپنے تازہ بیان میں اس کا تذکرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے، عالمی برادری خطے اور عالمی امن کے لیے قربانیاں دینے والے قبائل کی معاونت کے لیے آگے آئے۔

پاکستانی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں کہ اب تک ان افراد کی بحالی کے لیے حکومت اپنے دستیاب وسائل کو استعمال کرتی رہی ہے لیکن پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے اکیلے ہی اس صورتحال سے نمٹنا آسان نہیں ہے۔

امریکہ بھی نقل مکانی کرنے والے ان قبائلیوں کی بحالی کے لیے معاونت اور امداد فراہم کرتا آ رہا ہے۔ رواں سال ہی ان افراد کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید دو کروڑ ستر لاکھ ڈالر مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے ہی امریکی معاون سیکرٹری برائے اقتصادی ترقی و توانائی کیتھرین نویلی نے بھی قبائلی علاقوں سے بے گھر افراد کی بحالی میں حکومت پاکستان کی کوششوں میں مدد کی پیشکش کی تھی۔

XS
SM
MD
LG