رسائی کے لنکس

کراچی: انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال یکم جنوری سے ہوگی


پاکستان کے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری نے کہا کہ کراچی میں ووٹوں کی تصدیق کا عمل یکم جنوری سے شروع ہو گا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری اشتیاق احمد خان نے بدھ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی میں گھر گھر جا کر ووٹوں کی تصدیق کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور اس ضمن میں پاکستانی فوج سے رابطہ کیا گیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ملک کے اقتصادی مرکز میں ووٹوں کی تصدیق کا عمل یکم جنوری سے شروع کر دیا جائے گا۔

اُدھر الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جمعرات کو کمیشن کا ایک اہم اجلاس ہو رہا ہے جس میں اس حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

پاکستان کی عدالت عظمٰی نے انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی خامیوں اور مبینہ جعلی ووٹوں سے متعلق مقدمے کا گزشتہ ہفتے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کراچی میں انتخابی فہرستوں کی درستگی کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے گھر گھر جا کر ووٹوں کی تصدیق کے عمل میں کمیشن کو فوج اور رینجرز کی مدد لینے کا بھی کہا تھا۔

فیصلے میں الیکشن کمیشن کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی بھی شہری کا ووٹ اس کی مرضی کے بغیر کہیں اور منتقل نا کیا جائے۔

حکمران اتحاد میں شامل جماعت متحدہ قومی موومنٹ بھی کراچی میں مبینہ جعلی ووٹوں کے مقدمے میں درخواست گزار تھی اور ان کے وکیل نے سپریم کورٹ میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ گھر گھر جا کر ووٹوں کی تصدیق کے عمل کو صرف کراچی تک محدود نہیں کرنا چاہیئے بلکہ یہ کام ملک بھر میں ہونا چاہیئے۔
XS
SM
MD
LG