رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کو شکست دے کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا


CRICKET-WC-2022-T20-PAK-BAN
CRICKET-WC-2022-T20-PAK-BAN

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا سکی۔

باظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے اوپنرز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ پر 57 رنز جوڑے۔

بابر اعظم 33 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 12ویں اوور کی دوسری گیند پر پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 61 تک پہنچا تو محمد رضوان بھی 32 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

نوجوان بلے باز محمد حارث نے وکٹ پر آتے ہیں دھواں دھار اننگز کھیلی اور محض 18 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ افتخار احمد ایک رنز بنا سکے۔

پاکستان نے ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کیا۔ شان مسعود 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو چار وکٹیں لینے پر 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپنرز نجم الحسین شانتو اور لٹن داس نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن 21 کے مجموعی اسکور پر لٹن داس شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دوسری وکٹ پر سومیا سرکار اور نجم الحسین نے 52 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 73 تک لے گئے۔ لیکن اس موقع پر سومیا سرکار شاداب خان کا شکار بن گئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش کی بیٹںگ لائن لڑ کھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ سوائے نجم الحسین شانتو کے کوئی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

نجم الحسین شانتو نے سات چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ کپتان شکیب الحسن اور وکٹ کیپر بلے باز نور الحسن بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ مصدق حسین پانچ رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بالنگ کی اور 22 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے دو اور افتخار احمد نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سیمی فائنل میں کس سے کھیلے گا؟

پاکستان کا سیمی فائنل میں جس ٹیم سے مقابلہ ہو گا اس کا انحصار بھارت اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جارہے میچ پر ہے۔

اس وقت گروپ 'ٹو' میں پاکستان پہلے نمبر پر جب کہ گروپ ون میں نیوزی لینڈ کا پہلا اور انگلینڈ کا دوسرا نمبر ہے۔

اگر بھارت نے زمبابوے کو شکست دے دی تو وہ گروپ ٹو میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا اس طرح پاکستان دوسرے نمبر پر چلا جائے گا۔

اس صور ت میں پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ گروپ 'ون' کی پہلی ٹیم یعنی نیوزی لینڈ سے 9 نومبر کو ہو گا۔

XS
SM
MD
LG