پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 سیریز کے پہلے میچ کے لئےمیدان سجنے میں صرف ایک دن کا وقت رہ گیا ہے۔ پہلا میچ جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کو پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لہٰذا، سری لنکن ٹیم ٹی20سیریز جیت کر دورے کا اختتام خوشگوار یادوں کے ساتھ کرنا چاہتی ہے، جبکہ پاکستان ٹیم یہ سیریز بھی جیتنے کے لئے پرعزم ہے۔
2017کے دوران ٹی 20 میچوں میں سری لنکا کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو وہ متاثر کن رہی ہے۔اس نے سال 2017ءکا آغاز جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیت کر کیا اور 9 میں سے 5 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
لیکن، سری لنکا کے لئے پریشان کن بات یہ ہے کہ لاہور جا کر آخری ٹی 20کھیلنے سے انکار کرنے والے اُپل تھرنگا، دنیش چندیمل، نیروشن ڈک ویلا اور اکیلادنانجایا ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
اُپل تھرنگا کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی بھاری ذمہ داری تھسارا پریرا پر ہے، گوکہ وہ خود تو محدوو اوورز کے فارمیٹ کے لئے بہترین کھلاڑی مانے جاتے ہیں۔ لیکن، انہیں کپتانی میں بھی جوہر دکھانے ہوں گے۔ وہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں شامل واحد سری لنکن کھلاڑی تھے۔
دوسری جانب، پاکستان ٹیم اپنے بہترین ٹی20پلیئرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، اس لئے اسے سیریز کا فیورٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔
پاکستان ٹیم کو سیریز کے لئے ٹی 20 کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے شعیب ملک، محمدحفیظ، احمد شہزاد اور سرفراز جیسے سینئرز کے ساتھ ساتھ کئی ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔
پاکستان کے 16 رکنی ٹی 20 اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر امین، عامر یامین، فہیم اشرف، عماد وسیم، رومان رئیس، محمد عامر، حسن علی، محمد نواز، شاداب خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم 742ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں اور ان فارم بیٹسمین بابر اعظم 713 ریٹنگ پوائنٹس کےبیٹسمینوں رینکنگ پانچویں نمبر پر ہیں، جبکہ آل راؤنڈر ز میں شعیب ملک کی 10ویں پوزیشن ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سری لنکن ٹیم کو کوئی بھی بیٹسمین یا بولر آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ کی پہلی دس پوزیشنز میں شامل نہیں۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے اب تک 11 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں، 9 میچ جیتے جبکہ 2میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں پاکستان ٹیم دوسرے نمبر پرہے جبکہ سری لنکن ٹیم کی آٹھویں پوزیشن ہے۔