پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے درمیان مکین کے علاقے میں ایک فوجی چوکی پر حملہ کر کے کم از کم آٹھ فوجیوں کو ہلاک کردیا۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی اس لڑائی میں 12 فوجی زخمی ہوئے جب کہ فوجی ذرائع نے جوابی کارروائی میں ایک درجن سے زائد حملہ آوروں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد لگ بھگ ایک سو پچاس تھی جو راکٹوں اور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے۔
افغان سرحد سے ملحق اس قبائلی علاقے میں صحافیوں اور امدادی تنظیموں کی رسائی نا ہونے کی وجہ سے غیر جانبدار ذرائع سے تفصیلات کا حصول تقریباً ناممکن ہے۔
جمعرات کو شدت پسندوں کا یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب حالیہ دنوں میں جنوبی وزیرستان میں بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں سے کیے جانے والے مبینہ امریکی میزائل حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔
پاکستانی فوج نے 2009ء میں جنوبی وزیرستان میں ایک بھرپور آپریشن کر کے بیشتر علاقوں سے طالبان جنگجوؤں کا صفایا کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔